کراچی : قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے پی سی بی کے ساتھ کام کرنے کا امکان مسترد کردیا۔۔کراچی میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہاکہ نجم سیٹھی نے کرکٹ بورڈ کو چلانے میں بھرپور ذمہ داری
کا مظاہرہ کیا، پی ایس ایل ایک مشکل کام تھا جو سابق چیئرمین نے کرکے دکھایا اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی واپس لائے، احسان مانی وسیع تجربہ رکھتے ہیں،امید ہے کہ وہ کرکٹ میں بہتری کے لیے کام کریں گے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو سنبھالنے میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کا بہت بڑا ہاتھ ہے،اس کو ختم نہیں ہونا چاہیے، ملک کے بڑے شہروں میں لاہور اور کراچی کے معیار کی کرکٹ اکیڈمیز بنانی چاہئیں۔ایک سوال پر آفریدی نے کہا کہ مجھے پی سی بی میں ملازمت کی ضرورت نہیں ہے، بورڈ کو چلانے کے لیے بڑے بڑے دماغ موجود ہیں، انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد جس طرح سے ٹیم کو لے کر چل رہے ہیں انشاءاللہ ایشیاکپ میں بھارت سے جیتیں گے۔سابق کپتان نے کہا کہ ہمیں ملک کے بارے میں سوچتے ہوئے عمران خان کو وقت دینا چاہے، وہ صرف پاکستان تحریک انصاف ((پی ٹی آئی))ہی کے نہیں ملک بھر کے وزیر اعظم ہیں، حلف برداری میں مجھے بلایا نہیں گیا اور ان دنوں میں جاپان کے دورے پر تھا، سابق بھارتی اوپنرنوجوت سنگھ سدھو کو مدعو کرنا مثبت اقدام تھا، لڑائی جھگڑوں سے معاملات حل نہیں ہوتے۔یاد رہے کہ 38سالہ شاہد آفریدی آج کل
انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی فاﺅنڈیشن کا کام کرنے میں مصروف ہیں اور اگلے ماہ افغان پریمیئر لیگ میں شرکت کرنے کے لیے گھٹنے کی انجری سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے تگ و دو کررہے ہیں ۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہوں گی جبکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے مابین 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز ہوں گی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے دبئی میں ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 16 اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 26 اور 28 اکتوبر کو ہوں گے۔دوسری جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 31 اکتوبر، 2 اور 4 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے میچز 7، 9 اور 11 نومبر کو ہوں گے جب کہ پہلا ٹیسٹ 16 نومبر سے ابوظہبی میں ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 24 نومبر سے اور تیسرا 3 دسمبر سےکھیلا جائے گا۔