میڈیا چینلز پر بھاری سرمایہ کاری کی جا رہی ہے ، ہمیں بھی معلوم ہے کہ کہاں پر کیا ہو رہا ہے :جسٹس دوست محمد
اسلام آباد (یس اُردو) سپریم کورٹ نے سابق چئیرمین پیمرا چوہدری رشید کی برطرفی کے خلاف اپیل پر وفاق کو جواب جمع کرانے کی مہلت دیدی ۔ جسٹس دوست محمد کا کہنا تھا کہ کیا چئیرمین پیمرا کے ہونے نہ ہونے سے کوئی فرق پڑتا ہے ۔ جسٹس دوست محمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سابق چیئرمین پیمرا چوہدری رشید کی درخواست پر سماعت کی ۔ جسٹس دوست محمد کا کہنا تھا کہ کیا چئیرمین پیمرا کے ہونے نہ ہونے سے کوئی فرق پڑتا ہے الیکٹرانک میڈیا پر کیا کچھ نہیں ہو رہا ، میڈیا چینلز پر بھاری انویسٹمنٹ کی جا رہی ہے ۔ سرمایہ کاری کے نتیجے میں چینلز جو کچھ کر رہے ہیں سب کو علم ہے ، ہمیں بھی معلوم ہے کہ کہاں پر کیا ہو رہا ہے ۔ عدالت نے وفاق کو جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت رمضان المبارک کے بعد تک ملتوی کر دی ۔