اسلام آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف کے استقبالیے سے خطاب میں چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ میں نے ساری عمر قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی لیکن بحیثیت گورنر پنجاب میں عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کر سکا اس لئے میں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ جن عہدوں سے عوام کیلئے کچھ نہیں ہو سکتا ان کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ مجھے پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بننے پر فخر ہے کیونکہ تحریک اںصاف کے چیئرمین عمران خان گزشتہ 18 سال سے سیاست میں سرگرم ہیں لیکن کوئی بھی پاکستانی اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر یہ نہیں کہہ سکتا کہ عمران خان کسی بھی قسم کی کرپشن میں ملوث ہیں۔ اوررسیز پاکستانیوں کا معاملہ بھی عمران خان نے اٹھایا۔
عمران خان ہی ملک سے سٹیٹس کو کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کو 68 سال گزرنے کے بعد بھی آج تک پاکستان سے ناانصافی، غربت اور جہالت کا خاتمہ نہیں ہو سکا ہے۔
ملک میں خرابی کی بڑی وجہ ناقص حکمت عملی ہے۔ کمزور طبقے کیلئے بہت کچھ کرنا ہوگا۔ تحریک انصاف عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔