راولپنڈیسابق وزیرداخلہ چوہدری نثار آئندہ انتخابات کے لائحہ عمل اور ملکی سیاست پر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما چوہدری نثار شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر بھی گفتگو کریں گے۔
گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 کی 27 یونین کونسل کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز سے ملاقات کے بعد سابق وزیرداخلہ نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے قومی و صوبائی حلقے منتخب کئے تھے اور اعلان کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی کے حلقہ 59 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 10 اور پی پی 14 سے انتخابات میں حصہ لیں گے جب کہ این اے 63 سے بھی الیکشن لڑنے کا ارادہ ہے۔
تاہم چوہدری نثار نے یہ اعلان نہیں کیا تھا کہ وہ اپنی جماعت مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ٹکٹ لے کر انتخابات میں حصہ لیں گے یا آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار آج پریس کانفرنس میں انتخابات کے حوالے سے اہم اعلانات کرسکتے ہیں۔