لاہور (یس ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری بلاول ہاوس لاہور پہنچ گئے۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کریں۔ سابق صدرآصف علی زرداری ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلاول ہاوس پہنچے جہاں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹواور پنجاب کے سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے انکا استقبال کیا۔
یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ اقتدار کے مالک پاکستانی عوام ہیں۔ سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کی طاقت سے آسکتی ہے۔ پیپلزپارٹی جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو دی جانے والی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ منظور وٹو نے کہا کہ اس بار یوم تاسیس الگ طرز کا ہو گا ، عوام جان جائیں گے کہ پنجاب اور لاہور پیپلز پارٹی کا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ عمران خان کے جلسے سے اب جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہر کہانی کا ایک کلائمکس ہوتا ہے۔ عمران خان کی کہانی کا اب اتار شروع ہو چکا ہے ، انکا کہنا تھا کہ دھاندلی ہمارے ساتھ بھی ہوئی ہم نے احتجاج نہیں کیا ، ہم احتجاج کرتے تو طے تھا امپائر کی انگلی کھڑی ہو جاتی۔
بلاول ہاوس میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی باقاعدہ تقریب کا آغاز کل دوپہر 12 بجے ہو گا ، سینیئر رہنما پیپلزپارٹی راجہ ریاض نے بتایا کہ تقریب کے شرکا کیلئے بلاول ہاوس کے اندر 5 ہزار کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ سینٹ کے چیئرمین نیر بخاری نے بلاول ہاوس میں آصف علی زردای سے ملاقات کی۔