سابق صدر آصف زرداری نے وطن واپسی کا سفرشروع کردیا، وہ دبئی میں اپنے گھر سے قرآن کے سائے میں رخصت ہوئے۔
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعد وطن واپسی کیلئے دبئی کے المکتوم ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، ذرائع کے مطابق پرواز مقامی وقت کے 12 بجے روانہ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ان کی دبئی سے روانگی کسی اہم ایئرپورٹ کے بجائے شہر سے ایک گھنٹے کی مسافت پر موجود متبادل المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہورہی ہے۔
ایئرپورٹ پر معمول کی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم پروازوں کے شیڈول میں کسی خصوصی طیارے کا ذکر نہیں۔ نہ ہی پاکستان کی طرح خاطر خواہ سیاسی سرگرمیاں دیکھنے میں آرہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری خصوصی سیکورٹی کے ساتھ خصوصی طیارے تک جائیں گے اور وہیں سے ان کا طیارہ پاکستان کے لیے ٹیک آف کرے گا۔
پرواز میں سابق صدر کے علاوہ پیپلز پارٹی کے اہم رہنما رحمان ملک، بابر اعوان سمیت 7 مسافر سوار ہوں گے۔