اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ ملزم کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔
سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کی ، وارنٹ کے باوجود پرویز مشرف عدالت پیش نہیں ہوئے۔ ملزم کے نئے وکیل ملک طاہر محمود ایڈووکیٹ نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کی بناء پر ایک روز کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ سابق صدر علالت کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ اکبر بگٹی قتل کیس کا میڈیکل بورڈ پرویز مشرف کا طبی معائنہ کر رہا ہے ۔ اس حوالے سے جلد رپورٹ آ جائے گی۔ مدعی مقدمہ کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ ایسی درخواستیں پہلے بھی مسترد ہو چکی ہیں دوبارہ دائر نہیں کی جا سکتیں۔
ملزم مسلسل غیر حاضر ہے، وارنٹ کے باوجود عدم پیشی پر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔ عدالت نے ملزم پرویز مشرف کی عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت ستائیس اپریل تک ملتوی کر دی۔