لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جب میں نے کوئی کرپشن نہیں کی تو پھر مجھے جیل میں کیوں رکھا ہوا ہے ؟ ۔معلوم نہیں کس جرم میں جیل میں ہوں؟۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روزکوٹ لکھپت جیل میں والدہ بیگم شمیم اختر، بیٹی مریم نواز ، داماد کیپٹن (ر) صفدر ، عباس شریف مرحوم کے صاحبزادوں اور دیگر رشتہ داروں،پارٹی رہنمائوں شاہد خاقان عباسی،آصف کرمانی، خواجہ آصف، مشاہد اﷲ خان، رانا ثنااﷲ ، رانا مشہود ، کھیل داس کوہستانی، خرم دستگیر، جاوید ہاشمی،سائرہ افضل تارڑ، صابر شاہ اوردیگرسے ملاقات کے دوران نواز شریف نے مزید کہا کہ2 بار وزیر اعلیٰ اور 3 بار وزیر اعظم رہا ، کسی قسم کی بدعنوانی نہیں کی،بہت سے الزامات لگے لیکن آج تک ایک روپیہ کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔ماضی میں آمروں نے بہت سے کیسز بنائے لیکن سب جھوٹے ثابت ہوئے ۔میں وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا رہا ایک مقدمہ اس کرسی پر بھی بنا دیں۔ میں پیچھے ہٹنے والا نہیں، پارٹی رہنما میرے بیانیہ کو گلی گلی اور گھر گھر پہنچا دیں۔ ’’غالب ہمیں نہ چھیڑ کہ پھر جوش اشک سے ‘‘۔‘‘بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفاں کئے ہوئے ‘‘۔ ایک دوست نے مجھے کہا کہ جو پارٹی چھوڑ گئے انہیں واپس لے آئیں۔میں نے جواب دیا کہ جو مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ گئے انہیں واپس نہیں لیں گے ، اب پارٹی میں انکی کوئی جگہ نہیں اور وہ کبھی ہمارے قافلے میں شامل نہیں ہوسکیں گے ۔ روپے کی بے قدری اور معیشت کی ابتر صورتحال پر اظہارتشویش کرتے کہا کہ ملک کے آج جو حالات ہیں ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ پارٹی رہنمائوں کو عوام سے رابطہ رکھنے ،پنجاب میں پارٹی کو نچلی سطح تک فعال کرنے اور پارٹی کی تنظیم سازی 15جون تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ مخلص کارکنان کو میرٹ پرعہدے دئیے جائیں، میرے سمیت کسی کی سفارش نہ مانیں۔انہوں نے پارٹی کو فعال کرنے کا ٹاسک رانا ثنا اﷲ کو سونپ دیا جبکہ دیگر پارٹیوں سے ن لیگ میں شامل ہونے کے خواہشمندوں کو شامل نہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ پارٹی رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی اور نواز شریف کو پیپلزپارٹی کے افطار ڈنر میں اپوزیشن کے درمیان زیر بحث آنیوالے نکات سے آگاہ کیا جبکہ رہنمائی بھی حاصل کی۔ ن لیگی کارکن اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے جیل کے باہر جمع ہوئے ۔مریم نواز کی کوٹ لکھپت آمد پر کارکنوں نے انکا پرجوش استقبال کیا اور انکے حق میں نعرے لگاتے ہوئے انکی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، نوازشریف کی والدہ گاڑی میں بیٹھے دعا مانگتی رہیں،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ جیل کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھیل داس کوہستانی نے ملاقات کا مذکورہ حال بیان کیا اور کہاکہ نواز شریف گھبرانے والوں میں سے نہیں۔ ن لیگ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ نواز شریف جھکے نہ جھکیں گے ۔مریم نواز کی سیاسی میدان میں انٹری کٹھ پتلی وزیر اعظم کیلئے خطرہ بن چکی ۔ ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت ناکام ہو چکی۔ وقت آگیا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجا جائے ۔ رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ طاقتور طبقہ اپنی اور ملک کی جان چھڑائے ،کسی اور کو لے آئے ۔ نالائق اعظم اور یہ ملک اکٹھے نہیں چل سکتے ،نالائق اعظم کو ایک طرف کیا جائے ، مڈٹرم الیکشن کم تر مطالبہ ہے ۔ مشاہد اﷲ نے کہا کہ عمران آئی ایم ایف کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہا ہے ۔رانا مشہود نے کہا کہ 28مئی سے پورے پاکستان میں آواز گونجنے جارہی ہے ،ان نالائقوں کو مزید وقت نہیں دیاجاسکتا۔