اسلام آباد سابق وزیر اعظم پاکستان میر ظفر اللہ جمالی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ترجمان تحریک انصاف بلوچستان عابدملک کے مطابق، ظفر اللہ نے شمولیت کا عندیہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر بلوچستان سردار یار محمد رند سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران دیا۔دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے تھے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بلوچستان کو دیوار کے ساتھ نہ لگایا جائے۔ اس ایوان میں جو فیصلے کئے گئے انہیں نبھایا جائے۔ ان کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ جن جن لوگوں نے آئین توڑا سب کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ظفر اللہ جمالی یکم جنوری 1944ء کو بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے گاؤں روجھان جمالی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم روجھان جمالی میں ہی حاصل کی۔ بعد ازاں سینٹ لارنس کالج گھوڑا گلی مری، ایچیسن کالج لاہور اور 1965ء میں گورنمنٹ کالج لاہور سے تاریخ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ صوبہ بلوچستان کی طرف سے اب تک پاکستان کے واحد وزیر اعظم رہے ہیں۔