واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا میں مقتول صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی کی 22؍ سالہ پوتی سوریس کینیڈی ہل پر اسرار حالات میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ ریاست بوسٹن کے شہر ماساچیوسیٹس میں پورٹ ہینز میں کینیڈی ریزیڈنس میں ایمرجنسی سروسز کو طلب کیا گیا تاہم کیپ کوڈ اسپتال پہنچنے کے بعد انہیں مردہ قرار دیدیا گیا۔ کینیڈی فیملی کئی حادثات اور سانحات کا سامنا کر چکی ہے جس میں 1968ء میں ان کے سوریس کے دادا رابرٹ کا قتل بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ رابرٹ کا قتل ان کے بھائی امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے پانچ سال بعد ہوا تھا۔ رابرٹ اپنے بھائی کے دورِ صدارت میں امریکی اٹارنی جنرل تھے۔ اگرچہ موت کے سبب کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوریس کی موت منشیات کے اوور ڈوز کی وجہ سے ہوئی۔ 2007ء میں، جب وہ 10؍ برس کی تھیں، سوریس کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ پولیس نے اس موت پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔