فرانس (اشفاق چوہدری) فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال کی مدت ملازمت پوری ہونے پر صدر ادارہ منہاج القرآن چوہدری محمد اعظم کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اورپاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سفیر پاکستان کی خدمات پرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ سفیر پاکستان کے اعزاز میں پیرس میں الوداعی تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن ،پیپلزپارٹی فرانس ،تحریک انصاف، عوامی تحریک، ادارہ منہاج القرآن ،ای یو پاک فرانس ایسوسی ایشن ،مسلم لیگ ق کے علاوہ دیگر سیاسی ،سماجی اور مذہبی جماعتوں سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،مقررین نے اپنے خطاب میں سفیر پاکستان غالب اقبال کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
مقررین نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ غالب اقبال نے اپنے دور ملازمت میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے بے حد کام کیا اور سفارتخانہ پاکستان میں عوام کی خدمت کی بہترین مثال قائم کی،مقررین نے کشمیر میں بھارت کی حالیہ جارحیت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا،سفیر پاکستان غالب اقبال نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خراج تحسین پیش کرنے پرشکریہ ادا کیا۔
علامہ میرحسن قادری نے عبدالستار ایدھی ،شہداء پاک فوج اورپاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی، ادارہ منہاج القرآن کے صدر چوہدری محمد اعظم نے سفیر پاکستان غالب اقبال اورپاکستانی کمیونٹی کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا جس کے بعد پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔