پیرس(پریس نوٹ) پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ راہنمائوں اور پاکستان فیسٹول فرانس کی منتظم کمیٹی کی شخصیات نے فرانس انتخابات کے دوسرے ٹور کیلئے فرانسوا پیپونی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کی کامیابی کیلئے پاکستانی کمیونٹی سے مدد کی اپیل کی ہے۔ پیرس میں اتوار کو ہونے والے دوسرے ٹور کے انتخابات میں حکومت فرانس کے پاک فرانس فرینڈشپ فورم کے سابق صدر اور موجودہ نائب صدر فرانسوا پیپونی پاکستانی کمیونٹی کے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔
اس موقع پر یس اردو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے معروف سیاسی وسماجی شخصیات عمیر بیگ، راجہ علی اصغر، عبدالقدیر اور چوہدری شہباز کسانہ نے کہا کہ پیرس میں پاکستانی کلچر کو پروموٹ کرنے اور مسائل کے حل کیلئے فرانسوا پیپونی نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ ان کو جس قدر سراہا جائے کم ہوگا۔
معروف سیاسی وسماجی راہنما عمیر بیگ نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانی کمیونٹی سے فرانسوا پیپونی کی حمایت اور کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرانسوا پیپونی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے دعا گو ہیں اور ان کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ تمام کمیونٹی ان کی شخصیت سے واقف ہے اور ان کی خدمات کی معترف بھی۔ دوسرے ٹور میں ان کی بھرپور کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہر سطح پر کام کر رہے ہیں۔