پاکستان اور فرانس کے درمیان موسمیاتی نظام کی بہتری کی ایک یاد داشت پر دستخط
پیرس(یس اردو نیوز) پاکستان اور فرانس کے درمیان محکمہ موسمیات کے میدان میں باہمی تعلقات کو سائنسی بنیادوں پر مزید بڑھانے کیلئے ایک یاد داشت پر دستخط کیئے۔ اس یاد داشت پر پاکستان کی جانب سے سفیر پاکستان برائے فرانس جناب معین الحق اور فرانس کی جانب سے جناب جین مارک لیو، چیف ایگزیگٹیو آفیسر برائے موسمیات فرانس نے دستخط کیئے۔
اس موقع پرجناب پاٹرک بنیوچو، صدر موسمیات فرانس، جناب برنارد سٹراس، ڈائریکٹر بین الاقوامی تعلقات برائے موسمیات فرانس اور جناب ایندری دی بوسے، سربراہ تعاون و ثقافتی تعلقات، سفارت خانہ فرانس برائے پاکستان بھی موجود تھے۔ یہ دستخطی تقریب آج پیرس میں منعقد ہوئی۔
سفیر پاکستان نے اس معاہدے کی نمایاں خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک مل کر پاکستان میں موسمیاتی پیشنگوئی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے جن میں پیشگی انتباہ، موسمیاتی خدمات کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ کرنا، ماحولیاتی تحفظ اور خاص طور پر لو کے بارے میں پیشگی اطلاعات فراہم کرنا ہے۔
اس معاہدے کے تحت مشترکہ طور پر ایک خصوصی منصوبے کو تشکیل دیا جائے گا جس سے پاکستان کے محکہ موسمیات کے مختلف شعبوں جن میں موسمیات، آب و ہوا کی خدمات کے علاوہ پیشگی اطلاعاتی نظام میں بہتری لائی جا سکے گی۔ اس منصوبے کے تحت موسمیاتی سائنس کے ذریعے علاقہ میں خصوصی طور پر ہوا اور شمسی توانی سے معاونت حاصل کرتے ہوئے موسمیاتی سماجی واقتصادی ترقی اور قومی مرکز برائے آب و ہوا کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
معین الحق سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ماہرین کے معلوماتی تبادلے، سائنسی و تکنیکی عملے کے تجربات، مشترکہ تعلیم اور تحقیق سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔