پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) فرانس کے دارلحکومت پیرس میں ایک فنڈ ریزنگ ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔ اس فنڈ ریزنگ ڈنر کے مہمان خصوصی سابق فرانسیسی وزیر اقتصادیات آرنو مونٹبورگ اور سینئر ڈائریکٹر جین لوئیس تھے۔ فنڈ ریزنگ ڈنر کا مقصد فرانسیسی نژاد الجیرین بچوں کو الجیریا میں 1945 کی جنگ کے آغاز کے تاریخی مقامات کی سیرکرانا اور اس حوالے سے تاریخی حقائق سے آگاہ کرنا ہے۔
پروگرام کے آرگنائزر ایسوسی ایشن فرانکو الجیرین کے صدر اکلی میلولی کا کہنا تھا کہ ہمیں فرانس الجیریا دوستی کیلئے کام کرنے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ بحیرہ روم کے دو ساحلوں کے درمیان دوستی کا پل تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق وزیر اقتصادیات آرنو مونٹبورگ نے کہا کہ فرانس اور الجیریا دونوں ممالک میں تعلقات میں اضافہ دونوں ملکوں کے بہتر مستقبل کی ضرورت ہے۔ دیگر مقررین نے بھی فرانس الجیریا تعلقات کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو تاریخ سے آگاہ کرنا ہے اور انکے بہتر مستقبل کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
فنڈ ریزنگ ڈنر میں اسکالرز، دانشوروں سیاستدانوں اور بزنس مینوں نے شرکت کی۔ اس فنڈ ریزنگ ڈنر میں پاکستانی بزنس میں چوہدری نواز نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔