اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے مطابق انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے ثبوت تھیلوں میں ہیں اگر ثبوت تھیلوں میں موجود ہیں تو پھر عمران خان کے پاس کیا ہے۔
لندن میں وطن واپسی کے لئے روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک کنٹینر کی گندی سیاست کا دوبارہ متحمل نہیں ہوسکتا، عمران خان نے کہا کہ تھیلے کھولیں دھاندلی کے ثبوت ان میں موجود ہیں اگر ثبوت تھیلوں میں ہیں تو پھر عمران خان کے پاس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کا نتیجہ اچھا آیا ہے جب کہ ملک میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج بھی ہمارے حق میں آئیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ ہمیشہ پاکستان کا اچھا دوست رہا ہے، ہمارے برطانیہ کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور برطانیہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں بہت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں بجلی سمیت کئی شعبوں میں بہت بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے جو پاک چین دوستی کا ثبوت ہے، چین اقتصادی راہداری میں بہت بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے کہ اور یہ کوئی گرانٹ یا قرضہ نہیں جب کہ چینی سرمایہ کاری سے سڑکیں بنیں گی اور گوادر میں نیا ایئرپورٹ بھی بنے گا۔