کراچی (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے دھاندلی ثابت کر دی تو نواز شریف اسمبلی توڑنے کے پابند ہوں گے۔
کراچی میں ایم کیو ایم کو دیوار سے نہیں لگانا چاہیے ، اگر کوئی عسکری ونگ ہے تو ایم کیو ایم اس سے اظہارلاتعلقی کرے۔ اسلام آباد میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا انتخابی دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا آرڈیننس 120 روز کیلئے جلد جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کمیشن اپنے ٹی او آرز خود بنا ئے گا ، اگر دھاندلی ثابت ہوگئی تو پوری اسمبلی گھر جائے گی اور وزیر اعظم نواز شریف اسمبلی توڑنے کے پابند ہوں گے ۔ خورشید شاہ نے کہا جو ارکان ایمانداری سے اسمبلی میں آئے انہیں بھی گھر جانا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کو دیوار سے نہیں لگانا چاہیئے، کراچی میں سب کے ساتھ یکساں سلوک ہو رہا ہے ، پسند اور ناپسند کی بنیاد پر آپریشن نہیں کیا جا رہا ، خورشید شاہ نے کہا اگر ایم کیو ایم میں کوئی عسکری ونگ ہے تو ایم کیو ایم اس سے اظہار لاتعلقی کرے۔