پیرس : سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن کے ڈراز کا اعلان کر دیا گیا، اتوار سے شروع ہونے والے ایونٹ میں 9 مرتبہ کے چیمپئن رافیل نڈال کا ممکنہ کوارٹر فائنل نووک جوکووک کے ساتھ ہوسکتا ہے۔
ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کوکوارٹر فائنل میں رسائی کےلیے دیرینہ حریف وکٹوریا آذرنیکا اور اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کو ٹھکانے لگانا ہوگا، دفاعی چیمپئن اور سیکنڈ سیڈ ماریا شراپووا اپنے سفر کی شروعات کائیا کینپی کیخلاف میچ سے کریں گی، وہ ممکنہ طورپرکوارٹر فائنل میں اسپینش کھلاڑی کارلا سواریز نیوارو کا سامنا کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ڈرازکا اعلان کردیاگیا، جس کے مطابق9 مرتبہ کے چیمپئن رافیل نڈال اور عالمی نمبرون نووک جوکووک کا ممکنہ ٹاکرا کوارٹر فائنل میں ہوسکتا ہے۔
عالمی درجہ بندی میں بدترین گراوٹ کے بعد7ویں پوزیشن پر جانے والے نڈال کو ایونٹ میں 6 سیڈ ملی ہے،اسپینش اسٹار رافیل نڈال نے ڈراز کے اعلان پر کہا کہ یہ بہت مشکل صورتحال ہے، میرے ساتھ یہاں پر ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، لیکن میں اپنے ابتدائی چار میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنانا چاہوں گا، سردست میں ابتدائی مقابلے کےلیے خود کو تیار محسوس کررہا ہوں، نڈال نے یہاں پر 2012 اور2014 کے فائنلز میں جوکووک کو مات دے رکھی ہے، لیکن جمعے کو28ویں سالگرہ منانے والے ٹاپ سیڈ جوکووک اس مرتبہ ٹائٹل کےلیے فیورٹ قراردیے جارہے ہیں۔
جوکووک اپنی مہم کا آغاز فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے جارکونمینن کیخلاف کریں گے ، جبکہ نڈال کو ابتدائی میچ میں فرنچ وائلڈ کارڈ پلیئر کوئنٹن ہیلیز کا سامنا رہے گا، سیکنڈ سیڈ راجرفیڈرر اور ان کے ہموطن سوئس اسٹار اسٹینسلس واورنیکا بھی راؤنڈ8 میں مل سکتے ہیں،تھرڈ سیڈ اینڈی مرے اور ڈیوڈ فیرر جبکہ ٹوماس بریڈیچ اور جاپانی پلیئر کائی نیشکوری بھی کوارٹر فائنلز میں مدمقابل آسکتے ہیں، 2009 کے چیمپئن فیڈرر کا سفر کوالیفائر کیخلاف میچ سے شروع ہوگا، اینڈی مرے کا سامنا سیمی فائنل میں جوکووک اور نڈال کے فاتح سے ہوگا۔
اسکاٹش پلیئر بھی کوالیفائر سے ابتدائی میچ کھیلیں گے۔ویمنز سنگلز ڈراز میں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کو نسبتاً مشکل ڈراز ملے ہیں، انھیں کوارٹر فائنل میں رسائی سے قبل دیرینہ حریف وکٹوریا آذرنیکا اور اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کے چیلنجز کا سامنا رہے گا، 2002 اور2013 میں فرنچ اوپن کا تاج اپنے سرپر سجانیو الی سرینا ولیمز پری کوارٹر فائنل میں وینس کا سامنا کرسکتی ہیں۔دو مرتبہ کی آسٹریلین اوپن فاتح اور سابق نمبرون آذرنیکا تیسرے راؤنڈ میں سرینا کے مقابل آسکتی ہیں۔
سیکنڈ سیڈ اور دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا کا ابتدائی مقابلہ ایسٹونیا کی تجربہ کار پلیئر کائیا کینپی سے ہوگا اور وہ ممکنہ طورپرکوارٹر فائنل میں اسپینش کھلاڑی کارلا سواریز نیوارو کا سامنا کریں گی، سابق ورلڈ نمبرون کیرولین ووزینسکی کوارٹر فائنل میں سرینا کے سامنے پہنچ سکتی ہیں، تھرڈ سیڈ سیمونا ہالیپ کو راؤنڈ 8 میں کینیڈا کی یوجینی بوچارڈ کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔