پاکستانی نژاد فرانسیسی تجربہ کار ماہرین پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے
پیرس(یس اردو سپیشل رپورٹ) بنکنگ، فنانس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، قانون اور تعمیرات کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد فرانسیسی تجربہ کار ماہرین حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مکمل تعاون کریں گے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ان پاکستانی ماہرین کی بڑی تعداد کو پاکستان اور فرانس میں باہمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ان کے خیالات سے آگاہی کیلئے انہیں سفارت خانہ پاکستان پیرس میں مدعو کیا گیا تھا۔
سفیر پاکستان جناب معین الحق نے شرکاء کو فرانس اور پاکستان کے باہمی تعلقات اور حکومت پاکستان کی ترجیحات پر عمل کرتے ہوئے سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ فرانس کی اہم ترین کمپنیوں میں موجود پاکستانی ماہرین فرانس کی سرمایہ کاری اور تجربات کو پاکستان کے بڑے شعبوں میں پیش کرنے کیلئے ایک پل کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
سفیر پاکستان نے ان ماہرین کی پاکستان کیلئے بہترین سفارتکای کرنے پر ان کی تعریف اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کمپنیوں اور تنظیموں کے ذریعے پاکستان کی سرمایہ کاری اور سیاحت میں اضافہ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ پاکستانی تجربہ کار ماہرین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کیلئے اپنی سماجی و اقتصادی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس نشست میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو بڑھانے کیلئے حکومت کی جانب سے جو نئے اقدامات کیئے جا رہے ہیں ان کو فرانس اور پاکستان میں فروغ دینے کیلئے وہ اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔