تحریک انصاف کے پریڈ گراؤنڈ جلسے میں بھی بدنظمی دیکھنے کو ملی، خواتین کی ہاتھاپائی ہوئی، ایک دوسرے پر تھپڑ برسا دیئے، سٹیج پر چڑھنے کیلئے کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔
اسلام آباد: مخالف ٹیم سے لڑنے کا عزم لے کر گھر سے نکلنے والے کھلاڑی ایک بار پھر آپس میں ہی لڑ پڑے۔ جلسے میں نظم و ضبط کی گاڑی آج بھی پٹڑی سے اتر گئی۔ کبھی سٹیج پر چڑھنے کیلئے کھینچا تانی تو کبھی کوئی اور من مانی باربار دیکھنے کو ملی۔سٹیج کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے کپتان کو بھی جلال آ گیا اور سکیورٹی گارڈ کے گال پر تھپڑ جڑ دیا۔ دوسری جانب، خواتین کے پنڈال میں بھی اچانک ہلچل مچ گئی۔ کسی بات پر تو تو میں میں ہو گئی اور پھر بات مار دھاڑ تک جا پہنچی۔ خواتین آپس میں لڑ پڑیں۔ ایک نے تھپڑ مارا تو دوسری نے نیچے گرا لیا اور گتھم گتھا ہو گئیں۔ مرد آئے تو انہوں نے ان سے بھی دو دو ہاتھ کر ڈالے۔ سٹیج پر چڑھنے کی کوشش میں دھکم پیل ہوئی، کئی کھلاڑی آپس میں الجھے اور کئی زخمی بھی ہوئے۔