وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن نواز کا کہنا ہے کہ سمن کا جمعہ بازار لگایا ہوا ہے، ہمیں دن رات سمن بھیجے جارہے ہیں ، جے آئی ٹی سے پوچھا میرا قصور تو بتادیں ۔
حسن نواز نے جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد جوڈیشل اکیڈمی سے باہر آکر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اپنی تمام کمپنیوں، بینک اکاؤنٹس اور قرضوں کی تفصیل جے آئی ٹی میں پیش کردی ہے۔ حسن نواز کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ہم کو بلاکر نواز شریف پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے، مخالفین کو مجھ سے، حسین یا مریم سے کوئی مسئلہ نہیں، بلکہ مسئلہ نواز شریف سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے سمن کا جمعہ بازار لگایا ہوا ہے، دس سے بارہ سمن تو ہم بہن بھائیوں کے پاس جمع ہوچکے ہیں۔ مجھے برطانیہ سے بلا کر سوال پوچھ رہے ہیں مگر الزام بھی تو بتادیں۔
حسن نواز نے کہا کہ جے آئی ٹی کو جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں، ان کے پاس کوئی چیز ہے تو بتادے، کوئی موٹرسائیکل چوری کا الزام ہی لگادیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں الزام لگتا ہے پھر تحقیقات ہوتی ہےیہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ عدالتی کیس ختم ہوگیا، تفتیش ہورہی ہے اورالزام ڈھونڈا جارہا ہے۔ جے آئی ٹی پر اعتماد نہیں، وزیراعظم کے حکم پر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوا۔ حسن نواز نے کہا کہ مجھ سے برطانوی کاروبار کے بارے میں کوئی سوالات نہیں کیے گئے، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف پر دبائو ڈالنے کے لیے ان کے بچوں استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ حسن، حسین، مریم سے کوئی نہیں، اصل مسئلہ نوازشریف سے ہے۔