لاہور: سیشن عدالت نے سہیلی کی نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے کیس میں خاتون ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کردی، ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ نے ملزمہ شازر عرف زویا کی درخواست پر سماعت کی، ملزمہ کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
،ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ اور اس کی سہیلی کی ایک ساتھ نازیبا تصاویر تھیں، مدعی لڑکی نے وہ تصاویر ملزمہ کو حفاطت سے ایک یادگار کے طور پر رکھنے کے لئے دیں، ملزمہ نے وہ تصاویر دیگر لوگوں کو بھیج دیں جس سے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ملزمہ نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے، جس سے اس کی سہیلی کی شہرت کو نقصان پہنچا، عدالت نے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد ملزمہ کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔
دوسری جانب لاہور سے ہی ایک خبر کے مطابق گلبرگ پولیس نے دو بہنوں کی پر اسرار ہلاکت کے معاملے پر تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ پولیس نے جائے حادثہ سے شواہد اورڈاکٹر نے متوفیہ کی تیسری بہن کے معدے سے مواد کا نمونہ پولیس کو بھجوا دیا ہے جو فرانزک سائنس ایجنسی کو بھجوا دیا گیا تا کہ دو نوں بہنوں کی موت کے حقائق کا علم ہوسکے۔ پولیس کے مطابق متوفیہ وصامہ کاپو سٹمارٹم ہو گیاہے جبکہ متوفیہ طوبی کی قبر کشائی کے لئے متعلقہ حکام کو درخواست بھجو ادی ہے ۔پولیس کے مطابق بچیوں کی والدہ صائمہ کی نگرانی کی جارہی ہے۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد حقائق کا علم ہونے پر اسکے مطابق کارروائی کی جائیگی۔