لالہ موسیٰ: پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے جواں سال صاحبزادے اسامہ قمر کائرہ اپنے دوست کے ساتھ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کی تصاویر بھی منظر عام پر آگئی ہیں۔ جبکہ گاڑی میں انکے ساتھ موجود انکا دوست بھی جاں بحق ہوگیا ہے جس کا نام حمزہ بٹ بتایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز افطاری سے کچھ دیر قبل قمر زمان کائرہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران انہیں ان کے صاحبزادے کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کی اطلاع دی گئی۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے قمر زمان کائرہ کو بتایا ’ ایک خبر آئی ہے کہ آپ کے بیٹے کا ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے‘ ۔ یہ خبر ملتے ہی قمر زمان کائرہ فوری طور پر نیوز کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسیٰ روانہ ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق قمر زمان کائرہ کے 25 سالہ صاحبزادے اسامہ قمر کی گاڑی کو لالہ موسیٰ میں جی ٹی روڈ پر ٹراما سنٹر کے قریب حادثہ پیش آیا۔ گاڑی اسامہ قمر خود ڈرائیوکر رہے تھے جو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا دوست حمزہ بٹ شدید زخمی ہوگیا جو بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اسامہ کے ساتھ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت حمزہ بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ قمر زمان کائرہ کے صاحبزادے اسامہ قمر کائرہ لاہور کے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔قمر زمان کائرہ کے صاحبزادے کے انتقال پر وزیر اعظم عمران خان نے اظہار افسوس کیا اور دکھی خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ قمر زمان کائرہ کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اسامہ قمر کی وفات پر دکھی خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حادثے پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ کسی کو اولاد کا دکھ نہ دکھائے۔ اسامہ قمر کے انتقال پر سپیکر قومی اسمبلی ، ڈپٹی سپیکر، چیئرمین سینیٹ ، وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان ، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سمیت ملک کی سیاسی قیادت نے گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔