بار بار کہہ چکا ہوں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہورہا ، پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں کام کر رہی ہیں :اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی
سکھر (یس اُردو) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ دہشتگرد ہمیں مایوس اور خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں ، ان حالات میں سیاسی اور عسکری قیادت کے ایک پیج پر نہ ہونے کی باتوں سے گریز کیا جائے ، دہشتگرد جو کچھ کر رہے ہیں پری پلان کررہے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ لو گ گھروں سے نکلنا چھوڑ دیں اور تفریح گاہوں کو نہ جا ئیں ۔ سکھر کے گرلز کالج میں طالبات کی جانب سے لگائی گئی مختلف اشیا کی نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں تو پارلیمنٹ کے اندر اور با ہر با رہا ر کہہ چکا ہوں کہ نیشنل ایکشن پلان پر جامع عمل نہیں ہو رہا ہے ان باتوں پر وزیر داخلہ ناراض اور خفا بھی ہوئے تھے مگر ثبوت دینے پر نواز شریف نے تسلیم کیا تھا کہ کچھ قباحتیں ہیں جن کو دور کیا جا ئے گا میں پہلے یہ کہہ چکا ہوں کہ پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ہیں ، مگر میری بات پر توجہ نہیں دی گئی اگراب رینجرز اور پولیس نے آپریشن شروع کیا ہے تو اس کا خیرمقدم کرتا ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان حالات میں نہ کوئی مطالبہ کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہی کسی پر تنقید کرکے سیا ست کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہمیں لوگ کوئی نہ کوئی مطالبہ کرنے کے لیے زور ڈال رہے ہیں مگر پیپلز پارٹی وہ واحد جما عت ہے جو صرف اور صرف ملک کے لیے سوچتی اور کرتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قربانیوں کے بعد کوئی ہدف حاصل ہو رہا ہے تو یہ بھی کامیابی ہے ۔