اسلام آباد ; الیکن مہم کا وقت آج رات ختم ہونے جارہاہے اور مختلف پارٹیوں کے امیدواروں نے بھی کمرکس لی ہے اور نوکریاں دینے کے وعدے بھی کیے جاتے ہیں ، گزشتہ ماہ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاتھاکہ اگران کی پارٹی حکومت میں آگئی تو ہرگھر کا ایک شخص سرکاری ملازم ہوگا ، ایسے میں مسلم لیگ ن نے این اے 19 صوابی سے عمران اللہ نامی شخص کو ٹکٹ دے رکھا ہے جو خود ہی بے روزگار ہے ۔
تفصیلات کے مطابق 30 سالہ عمران اللہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 صوابی خیبرپختونخوا سے امیدوار ہیں، وہ حالیہ الیکشن لڑنے والے اکلوتے امیدوار ہیں جو بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری لینے کے باوجودبے روزگار ہیں تاہم وہ پرعزم ہیں کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ عوام کی بھلائی و بہتری کیلئے کام کریں گے ۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران اللہ نے دعویٰ کیا کہ’ ماضی میں اس حلقے سے کامیاب ہونیوالے سیاستدان نے صرف اپنے قریبی لوگوں کو نوکریاں دیں ، میں اس کی طرح نہیں کرنا چاہتا، میں نوکریاں ڈھونڈنے میں اپنے علاقے کے غریب لوگوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں‘۔عمران اللہ کا مزید کہناتھا کہ ’ میں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا کیونکہ انہوں نے میرے علاقے کیلئے بہت کام کیا، مثال کے طورپر ، یہاں کوئی پاسپورٹ آفس نہیں تھا لیکن انہوں نے بنایا اور 25 جولائی کو اپنی جیت کیلئے پرعزم ہوں‘۔