لندن: امپیریل کالج لندن کے تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو دن میں کم و بیش 10 مرتبہ پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں ان کی عمر دوسرے افراد کے مقابلے میں زیادہ طویل ہوتی ہے جب کہ وہ کئی اقسام کے امراض سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔
پھلوں اور سبزیوں کی صحت بخش خصوصیات سے ہر کوئی واقف ہے اور سب یہ بھی جانتے ہیں کہ کچی سبزیوں اور پھلوں میں موجود معدنیات اور ریشوں کی بدولت نہ صرف نظامِ ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ کئی طرح کی بیماریاں بھی ہم سے دور رہتی ہیں۔
امپیریل کالج لندن کی اس تحقیق میں پھلوں اور سبزیوں پر کیے گئے سابقہ 95 مطالعات کا ازسرِنو جائزہ لیا گیا جو کئی عشروں پر محیط تھے جب کہ اس تحقیق کے نتائج ’’انٹرنیشنل جرنل آف ایپی ڈیمیولوجی‘‘ میں شائع ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ طبّی اصطلاح میں پھلوں یا سبزیوں کی 80 گرام مقدار کو ایک حصہ قرار دیا جاتا ہے اور اسی مناسبت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی صحت اور لمبی زندگی کے لیے عام لوگوں کو پھلوں اور سبزیوں کی روزانہ 800 گرام مقدار استعمال کرنیچاہیے۔