اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ چند افراد کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث ہوا تاہم اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
Full investigation will be done of dollar value increase, Ishaq Dar
اسلام آباد میں بینکوں کے سربراہان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں 3 روپے اضافہ حیران کن تھا اور مجھے اس اضافے کی کوئی وجہ نظر نہیں آئی،چند ہی گھنٹوں کے دوران ڈالر کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے تک اُتار چڑھاؤ آیا جب کہ مجھے لگا کہ شاید سیاسی حالات کے باعث ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ رابطوں کے فقدان کے باعث آیا، کل بھی کہا تھا کہ یہ میری ذات کا معاملہ نہیں پاکستان کا معاملہ ہے تاہم ڈالر کی قدر میں اچانک اضافے کی تحقیقات کی جائیں گی، یہ چند افراد کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث ہوا لہذا اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔