سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں ضلع شوپیاں کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور کم عمر لڑکیوں کی چٹیاں کاٹنے کے واقعات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
ضلع شوپیاں کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، شہید ہونیوالے نوجوانوں کو جن کی شناخت زاہد میر، آصف احمد اور عرفان اللہ کے طورپر ہوئی ہے، بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے کیلر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا، لوگوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے نوجوانوں کی نماز جنازہ کئی بار ادا کی گئی۔
نوجوانوں کو گنائی پورہ، کتھ کلان اور ہیف کے علاقوں میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا، نوجوانوں کی شہادت پر ضلع شوپیان میں مکمل ہڑتال کی گئی، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور کم عمر لڑکیوں کی چٹیاں کاٹنے کے واقعات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، سرینگر، گاندربل، بارہمولہ، بڈگام اضلاع اور دیگر علاقوں میں مزید10واقعات پیش آئے ہیں، چھانہ پورہ میں دن دیہاڑ ے 5 سالہ لڑکی کی چوٹی کاٹ دی گئی، ضلع گاندربل میں خواتین کی چٹیاں کاٹنے کے 2 تازہ واقعات پیش آئے، نارائن باغ میں ایک گھر میں نقاب پوش نے لڑکی کو بیہوش کر کے اس کی چٹیا کاٹ دی، چک ربہ تار میں بھی14 سالہ لڑکی پر کمیکل کا چھڑکاؤ کیا اور اس کے بال کاٹ کر فرار ہوگیا۔ بیروہ کے علاقے سعدہ پورہ میں 15 سالہ لڑکی پر گھر کے اندر حملہ کیا گیا، رائتھن بیروہ میں بھی اسی طرح کا ایک اور واقعہ پیش آیا جبکہ اوم پورہ کالونی بڈگام میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ہے، ضلع بارہمولہ میں سوپور کے علاقے سیر جاگیر میں خاتون کی چٹیا کاٹنے کا واقعہ پیش آیا، یہ علاقے میں اس قسم کا پہلا واقعہ ہے۔
علاقے میں ایک30سالہ خاتون کی چٹیا پراسرار طور پر کاٹی گئی، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے خواتین کی چٹیاں کاٹنے کے واقعات کے خلاف کہا ہے کہ کسی کو ہماری ماؤں، بہنوں کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں ہے جبکہ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے ہاتھوں آزادی پسند رہنماؤں، تاجر برادری، وکلا، طلبا، اسکالرز اور عام کشمیریوں کی بلاجواز اور غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف 14اکتوبرکو سرینگر کے ٹی آر سی گراؤنڈ میں احتجاجی جلسے کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے آج ضلع اسلام آباد کے علاقے سلر میں ایک عالم دین اور وادی کے معروف کالم نگار الطاف حسین ندوی کے گھر پر چھاپہ مارکر گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی۔