اسلام آباد (یس ڈیسک) اسلام آباد میں تیسرے وائس چانسلر فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت اسلامی ممالک کی جامعات کے وائس چانسلرز کا اکھٹے ہونا خوش آئند ہے جو کہ آپس میں نئے تفکرات اور رجحانات کے تبادلہ خیال میں معاون ثابت ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ تعلیمی وسعت میں بھی تیزی آ رہی ہے اور اب مستقبل کی جنگیں ہتھیاروں کے بجائے کلاس رومز اور لیبارٹریز کی بدولت لڑی جائیں گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج کا دور سائنسی ترقی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن کا ہے جو کہ دنیا بھر کی جامعات کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ دنیا کے سو نامور سائنسدانوں میں سے نوے مسلمان ہیں۔
اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور پی ایم یوتھ پروگرام سمیت دیگر تعلیمی منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے پاکستان کو یو ایس اے برٹش کونسل اور جائیکا کا تعاون ہمیشہ سے حاصل رہا ہے۔