زیورخ……..فیفا کے سابق صدر سیپ بلاٹر کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ معطلی کے باوجود تنخواہ وصول کررہے ہیں ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فیفا کی آڈٹ کمیٹی کے ترجمان نے بتایا کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم کے سابق سربراہ سیپ بلاٹر جنہیں آٹھ سال کے لیے معطل کیا گیا ہے،تاہم وہ اب بھی تنظیم کے سربراہ کی حیثیت سے ملنے والی تنخواہ وصول کررہے ہیں ۔گزشتہ سال فیفا نے پہلے انہیں نوے روز کے لیے معطل کیا تھا اور پھر کرپشن اسکینڈل ثابت ہونے پر انہیں آٹھ سال کے لیے معطل کردیا تھا ۔ترجمان کے مطابق فیفا کے سابق صدر کو تنخواہ کی ادائیگی 26 فروری کو نئے صدر کے انتخاب تک جاری رہے گی۔ اس طرح بلاٹر معطل ہونے کے باوجود پانچ ماہ کی تنخواہ وصول کریں گے ۔آڈٹ کمیٹی کے مطابق وہ بلاٹر کو دی جانے والی دیگر مراعات تو روک سکتے ہیں تاہم معاہدے کے تحت وہ انہیں تنخواہ لینے سے نہیں روک سکتے