طرا بلس: سیف الاسلام کے خاندان کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل نے ملک میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے سیاسی رہنماؤں سے رابطے شروع کیے ہیں۔
لیبیا کے مقتول حکمران معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام القذافی نے جیل سے رہائی کے چند ماہ کے بعد سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ سیف الاسلام کے خاندان کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل نے ملک میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے سیاسی رہنماؤں سے رابطے شروع کیے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سیاسی کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ تیونس کے دورے کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں خالد الزایدی نے بتایا کہ سیف الاسلام لیبیا کی سیاست سے الگ یا دور نہیں بلکہ وہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے لیبیا کے قومی رہ نماؤں اور قبائلی عمایدین سے رابطے شروع کی ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد مصالحت اور نئی سیاسی صف بندی ہے۔الزایدی کا کہنا ہے کہ کسی بھی دوسرے لیبی شہری کی طرح سیف الاسلام کو بھی سیاست میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لیبیا کی موجودہ صورت حال بالخصوص متحارب گروپوں میں مذاکرات کی ناکامی کے بعد سیف الاسلام کی ضرورت مزید دو چند ہوگئی ہے۔ ملک میں کسی جامع سیاسی، مصالحتی اور حقیقی قومی معاہدے تک پہنچنے کے لیے سیف الاسلام اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔