گال : گال ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم 417 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں میربان ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔
سری لنکا کے گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 417 رنز بنائے جس کے بعد مہمان ٹیم کو سری لنکا پر 117 رنز کی برتری حاصل ہوگئی جس کے جواب میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔
اس سے قبل چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز118 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ سرفراز احمد اوراسد شفیق نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ پر 139 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 235 تک پہنچا تو سرفراز احمد 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد وہاب ریاض اور یاسر شاہ اسد شفیق کے ساتھ کریز پر زیادہ دیر اسکور کو آگے نہ بڑھا سکے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 14 اور 23 رنز بناکر چلتے بنے۔
اسد شفیق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے میزبان ٹیم کی بولنگ لائن کو پریشان کئے رکھا اور انہوں نے نویں وکٹ پر ذوالفقار بابرکے ساتھ 101 رنز جوڑے جس میں ذوالفقاربابرکی ٹیسٹ کیرئیر کی واحد نصف سنچری بھی شامل ہے جو 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق 131 رنز بنانے کے بعد 417 کے مجموعے پر پریرا کی گیند پر چندیمل کو کیچ دے بیٹھے۔ سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا نے 4، دھمیکا پراساد 3، نوان پرادیپ 2 اور رنگانا ہیرات نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گال ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذررہا جس کے بعد دوسرے روز قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کرپہلے میزبان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی تو سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے تھے۔