قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضلع شرقی میں کارروائی ، بلڈرز کی تنظیم آباد کے سابق سربراہ بابر چغتائی کو گرفتار کر لیا گیا
کراچی (یس اُردو) کراچی میں بلڈرز کی تنظیم آباد کے سابق سربراہ بابر چغتائی کو چائنہ کٹنگ اور زمینوں پر قبضے کے الزامات پر حراست میں لے لیا گیا ۔ دیگر مختلف کارروائیوں میں 3 ملزم گرفتار جبکہ 6 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ضلع شرقی میں کارروائی کی ۔ ذرائع کے مطابق کارروائی میں بلڈرز کی تنظیم آباد کے سابقہ چیئرمین بابر چغتائی کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ بابر چغتائی پر چائنہ کٹنگ ، غیر قانونی تعمیرات میں مدد اور زمینوں پر قبضے کا الزام ہے ۔ دوسری جانب پولیس کی کارروائی میں مواچھ گوٹھ سے 2 ملزم گرفتار کر لئے گئے ۔ گرفتار ملزمان قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں جن کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے جوڑیا بازار میں کارروائی کرتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لےلیا ۔ ناظم آباد میں پولیس کی کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتارکرلیا گیا ۔ گرفتار ملزم شکیل مراد پر لاکھوں روپے غبن کا الزام ہے۔