اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پرویز مشرف کو وطن واپسی کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج سہیل اکرام کی سربراہی میں ججز نظربندی کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق صدر کے وکیل کی جانب سے پرویز مشرف کو وطن واپسی پر فول پروف سیکورٹی دینے کی درخواست دائر کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہتے ہیں لہذا ان کی سیکیورٹی کے لیے انتظامات مکمل کیے جائیں۔عدالت نے پرویز مشرف کی وطن واپسی پر فول پروف سیکورٹی دینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو سابق صدر کی سیکورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا جب کہ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ پہلے ہی پرویز مشرف کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا چکی ہے۔عدالت نے پرویز مشرف کو 9 فروری تک عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر آیندہ سماعت پر بھی پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہوئے تو پھر انہیں اشتہاری قرار دیا جائے گا۔