لاہور (ویب ڈیسک) لاہور میں 30 اکتوبر کو مقامی تعطیل کا اعلان، تعطیل حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق امام الاولیاء الشیخ السید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کا 975واں سالانہ عرس مبارک 28تا 30اکتوبر2018 ء منعقد ہوگا۔ اس سلسلے میں 30 اکتوبر بروز منگل کولاہور میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 11:00بجے دن رسم چادرپوشی سے ہوگا۔ اس کے بعد حسبِ روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس سال محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کی جانب سے زائرین کے لیے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کے لیے مبلغ ایک کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکر ٹری اطہر مسعود، ڈی جی طاہر رضا بخاری اور ایڈ منسٹریٹر سکندر ذوالقرنین بھی موجود تھے۔وزیر اوقاف نے کہا ہے کہ عرس کے موقع پر دینی اور روحانی محافل اور علمی نشستوں کے انعقاد کے لیے 500سے زائد مشائخ، سجادگان، اکابر علماء اور مذہبی سکالرز ، قراء اور نعت خواں حضرات کو مدعو کیا گیا ہے۔ جن میں وطن عزیز کی 200سے زائد روحانی اور خانقاہی شخصیات ، معروف آستانوں کے سجادگان کے علاوہ حضرت خواجہ غریب نوازؒ کی خانقاہ کے سجادہ نشین سید بلال چشتی ، خواجہ فرید الدین فخری سجادہ نشین اورنگ آباد شریف (انڈیا) اور پیر سید دیوان طاہرنظامی سجادہ نشین درگاہ خواجہ نظام الدین محبوب الہٰی (انڈیا) بطور خاص قابلِ ذکر ہیں۔مدارس دینیہ اور جامعات کے درمیان مقابلہ حُسن قرآت و مقابلہ حُسن تقریر25اکتوبر2018کو داتا دربار کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔ حضرت داتا گنج بخش کے عرس مبارک کے موقع پردو روزہ عالمی کانفرنس بعنوان :”شیخ علی ہجویری ؒ کا اسلامی تصوف کے احیاء میں کردار” بمطابق26تا27اکتوبر2018کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں وطنِ عزیز پاکستان کے علاوہ ، معاصر دنیا ترکی،مدینہ منورہ،لندن، افغانستان ، ایران، یمن، تیونس، برطانیہ، نیویارک اور عراق کی معروف دانشگاہوں اور علمی حلقوںکی معتبر شخصیات تشریف فرما ہوں گی۔جبکہ 27اکتوبر2018ء کو مشاعرہ منقبت کا اہتمام جامع مسجد داتا دربار میں ہوگا ، جس میں شعراء کرام حضرت محمد ﷺ کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے حضور عقیدت کا نذرانہ پیش کرینگے۔ اور 20صفر المظفر کو جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخشؒ میں علمی و روحانی اجتماعات کے انعقاد کے علاوہ دو روزہ محافل سماع کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔۔ملک میں دہشت گردی اور موجودہ حالات کے پیش نظر زائرین کے تحفظ کے لیے محکمہ اوقاف ومذہبی امور نے سالانہ عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے ہیں ا س ضمن میں 103عدد سیکیورٹی وکلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کے لیے نصب ہیں جبکہ45کیمرہ جات مزید کرایہ پر نصب کروائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ایک الگ سے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس میں 25عددLCD’Sنصب ہوں گی تاکہ دربار شریف میں ہونے والی سرگرمیوں پر مکمل طور پر نظر رکھی جاسکے۔دوران عرس مبارک محکمہ پولیس نے 2000پولیس اہلکاران تعینات کیے ہیں ۔ جس میں 3ایس پیز، 7ڈی ایس پیز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 2ایلیٹ فورس کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ دربار شریف کے اندر داخل ہونیو الے راستوں پر 11واک تھرو گیٹس اور 36میٹل ڈیٹکٹرز15واکی ٹاکی،22انٹرکام زائرین کی حفاظت کے لیے مہیا کئے گئے ہیں۔ محکمہ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل دربار شریف کے خواتین کے احاطہ میں مامور کی گئی ہیں۔داتا دربار میں موجود رضا کار تنظیموں کے 450رضاکار بھی محکمہ کی معاونت کریں گے۔ محکمہ اوقاف نی45سیکیورٹی گارڈز بھی سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیے ہیں جن کی نگرانی 3سپروائزر کریں گے، جبکہ 124عدد پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ بھی سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیں گے ۔ اس کے علاوہ داخلی راستوں پر پولیس نے بھی الگ سے واک تھرو گیٹس کا انتظام کیا ہے ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بم ڈسپوزل سکواڈ بھی ہمہ وقت موجود رہے گا۔ علاوہ ازیں ریسکیو1122کا عملہ بمعہ 5ایمبولینس و موٹر سائیکلز ریسکیو ہمہ وقت موجود رہیں گے اور قرب و جوار کے ہسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے ہیں ۔ زائرین کے بلارکاوٹ دربارشریف تک پہنچنے کے لیے بذریعہ ٹریفک پولیس خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔ محکمہ کی طرف سے عرس مبارک پر آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے داتا دربار کمپلیکس کی حدود اور مسجد کے تہہ خانہ میں میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طبی امداد دی جاسکے۔محکمہ کے اپنے نصب شدہ 3عدد جنریٹر سسٹم کے علاوہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے 1عدد اضافی جنریٹر کا بھی انتظام کیا ہے جبکہ واپڈا کی طرف سے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ محکمہ سوئی گیس کو گیس کا پریشر مکمل فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ اس کے سبب زائرین کی سہولت کے لیے گرم پانی کا بندوبست بھی ہوگا۔عرس مبارک کے موقع پر صفائی کے خصوصی اقدامات کے لیے 250ورکرز رات دن دو شفٹوں میں کام کریں گے جو عرس مبارک کے موقع پر داتا دربار کمپلیکس کے احاطے میں ہر جگہ پر صفائی کو یقینی بنائیں گے۔ ان ورکرز کی نگرانی کے لیے 10سپروائزر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ زائرین کی سہولت کے لیے سنٹرل ماڈل ہائی سکول ۔II، ریٹی گن روڈ ، مسلم سکول نمبرIIاور داتا دربار ہسپتال لاہور میں وسیع پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔دوران عرس مبارک جملہ انتظامات اور عوامی سہولت کے لیے دیگر محکمہ جات کے کیمپ آفسز بھی قائم کئے گئے ہیں جن میں سرفہرست لیسکو ، واسا، سول ڈیفنس، ابتدائی طبی امداد اور سوئی گیس کے محکمہ جات شامل ہیں۔ محکمہ کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لیے دربار شریف میں مختلف مقامات پر ہیلپ کاؤنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں جن کی باقاعدہ تشہیر کی گئی ہے ۔ ان ہیلپ کاؤنٹرز پر زائرین کی مدد اور رہنمائی کے لیے چاک و چوبند عملہ موجود رہے گا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں عرس کی تقریبات کی تشہیر کے علاوہ ان تقریبات کو براہ راست ٹیلی ویژن چینل پر دکھائے جانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔