اسلام آباد ؛ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار الیکشن کے دن بھی مقدمات سنیں گے، 25جولائی کو ملک بھر عام تعطیل ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار الیکشن کے دن بھی مقدمات سنیں گے،25جولائی کو لاہور رجسٹری میں مقدمات سنیں گے۔
ترجمان کے مطابق 25 جولائی کو ملک بھر میں عدالتی چھٹی ہوگی۔یاد رہے کہ چیف جسٹس ان دنوں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ5 روزہ تعطیلات پر پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ہیں۔چند روز قبل جسٹس ثاقب نثار کی گلگت بلتستان کے دورے کے دوران ثقافتی لباس پہن کر روایتی رقص کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔واضح رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے ، جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس روز عام تعطیل کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔جبکہ دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے گلگت بلتستان کے لئے پی آئی اے کی نادرن ایریا کے لئے پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کا نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کو دورہ گلگت ،سکردو اور دیگر علاقوں کے دوران لوگوں نے استقبال کے دوران بتایا کہ پی آئی اے نے ان غریب علاقوں کے مسافروں کے لئے یکطرفہ کرایہ 16500 اور دو طرفہ کرایہ 33 ہزار روپے کردیا ہے جو سراسر ظلم ہے ، یہاں سڑکیں انتہائی خراب ہیں اور بائے روڈ سفر کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔سفر کا واحد ذریعہ بائے ائرا تھا۔ پہلے کرایہ دوطرفہ پندرہ ہزار روپے اب پی آئی اے کرایوں میں پچاس فیصد اضافہ کردیا گیاہے ۔استقبالیہ ہجوم سے بات چیت کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے یقین دلایا کہ وہ واپس جاکر اس کا نوٹس لیں گے اور پی آئی اے والوں سےاس کا جواب طلب کریں گے۔