اسلام آباد(ایس ایم حسنین) امریکی صدر جو بائیڈن کورونا کے خاتمے کے بعد جتنا جلد ممکن ہو سکے جرمنی کا دورہ کریں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے نئے امریکی صدر جوبائیڈن کو جرمنی کے دورے کی دعوت دی ہے ۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق جرمن چانسلر کے ترجمان اشٹیفان زائیبرٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں بین الاقوامی معاملات میں قریبی رابطوں پر اتفاق کیا گیا۔ میرکل نے عالمی ادارہ صحت اور پیرس معاہدے میں امریکا کی واپسی کے فیصلے پر بائیڈن کی تعریف کی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان اشٹیفین زائبرٹ نے کہا کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور امریکی صدر جو بائیڈن نے فون پر بات چیت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وبا اور دیگر بین الاقوامی چیلنجز کا اسی صورت میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے جب تمام ممالک ایک ساتھ مل کر کام کریں۔ جو بائیڈن کے گزشتہ ہفتے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان فون پر یہ پہلی بات چیت تھی۔ اس موقع پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ماحولیات سے متعلق پیرس معاہدے اور عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او میں امریکا کی دوبارہ واپسی کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا۔ جرمن چانسلر کے ترجمان اشٹیفین زائبرٹ نے کہا، ”چانسلر اور امریکی صدر نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے مضبوط ترین بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے افغانستان اور ایران جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے خارجہ پالیسی نیز تجارتی امور اور ماحولیات کی تبدیلی جیسے اہم مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان اشٹیفین زائبرٹ کا کہنا تھا کہ چانسلر انگیلا میرکل نے، ”جرمنی کی طرف سے اپنے یورپی اور بحر اوقیانوسی شراکت داروں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی امور سے نمٹنے میں ذمہ داری قبول کرنے کی رضامندی کا بھی اظہار کیا۔” جرمن چانسلر نے بائیڈن کو امریکا کا صدر بننے پر مبارک باد پیش کی اور جیسے ہی کورونا کی وبا انہیں سفر کی اجازت دے، جرمنی آنے کی بھی دعوت دی۔