پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) جرمن پولیس نے دارالحکومت برلن اور ملک کے شمالی حصے میں اُن چار افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے، جن کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ عسکریت پسند تنظیم’’اسلامک اسٹیٹ‘‘سے وابستہ ہیں اور جرمنی میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔
اب تک اِسی شبے میں موجود وارنٹ گرفتاری کی روشنی میں دو مردوں اور ایک خاتون کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ان چھاپوں میں اسپیشل فورسز کے دستوں نے حصہ لیا۔
برلن میں چار فلیٹوں اور دو دفاتر پر چھاپے مارے گئے۔ اس کے علاوہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور لوئر سکیسنی میں بھی مشتبہ افراد کی تلاش میں پولیس مصروف ہے۔ کچھ مقامات سے پولیس نے کمپیوٹرز، موبائل فونز اور اسکیچز اپنے قبضے میں لیے ہیں۔