جرمنی (انجم بلوچستانی) برلن بیورو اور مرکزی آفس برلن MCB یورپ کے مطابق گزشتہ دنوں جرمنی میں پاکستان کے نئے سفیر جوہر سلیم برلن پہنچے، جہاں ٹیگل ایر پورٹ پر سفارتخانہء پاکستان کے چارج ڈی افئیرزامیر خرم راٹھور اور سفارتی عہدیداران نے سفیر پاکستان کا استقبال کیا۔
سفیر پاکستان نے پہنچنے کے بعد پہلا بیان دیتے ہوئے کہا کہ” میں جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں اضافہ کی کوشش کروں گا، ان تعلقات کو مضبوط بنائوں گا اور دونوں ممالک میں باہمی تجارت و سر مایہ کاری کو فروغ دوں گا،نیزشعبہء تعلیم اور ثقافت میںایک دوسرے سے تعاون بڑھانے کی جدوجہد کروں گا۔”
جوہر سلیم ایک منجھے ہوئے سفارتکار ہیں۔ انہوں نے ٢٣ سال کی عمر میں Diplomatic Corps میں ملازمت اختیار کی۔ وہ وزارت خارجہ اور بیرونی ممالک میں اہم عہدوں پر تعنیات رہے۔وہ ٢٠٠٨ء سے ٢٠١١ء تک بوزنیا ہرزیگووینا میں اور ٢٠١١ء سے ٢٠١٤ء تک بحرین میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔
سفیر پاکستان جوہر سلیم کی جرمنی آمد پرعالمی ایشین صحافی و شاعر،چیف کوآرڈینیٹر PAT یورپ، چیف ایگزیکٹئو اپنا انٹرنیشنل، ورلڈ چیرمین کشمیر فورم انٹرنیشنل اور عالمی سربراہ بین الاقوامی اردو مرکز محمد شکیل چغتائی نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ” میں جرمنی کی کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے آپ کو برلن میں خوش آمدید کہتا ہوں۔مجھے امید ہے کہ آپ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستی،تعاون اور تجارت میں اضافہ کا باعث بنیں گے۔
ہماری کمیونٹی عبدالباسط خان اور سید حسن جاوید کی شکل میںدو انتہائی ہردلعزیز سفیروں کے ساتھ اچھا وقت گزار چکی ہے اور امید کرتی ہے کہ آپ ان روایات کو قائم رکھتے ہوئے کمیونٹی کی مشکلات اور مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی لیں گے ، اپنے عملہ کے تعاون سے باہمی تعلقات میں مزید بہتری لانے کی کوشش کریں گے اور کمیونٹی کی جائز شکایات کا ازالہ فرمائیں گے۔”