برلن: جرمنی میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تاہم ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جرمنی کے شہر ساربروکن میں پیش آیا جہاں ایک نامعلوم شخص نے بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں دو شخص موقع پر ہی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تاہم زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی شہر ساربروکن کے ایک نواحی علاقے میں یہ واقعہ رونما ہوا جبکہ دوسری جانب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک شخص حراست میں لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، اس سے تفتیش جاری ہے، تاہم واقعے سے متعلق تمام محرکات کا ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں امید ہے جلد اصل مجرم تک پہنچ جائیں گے۔
خیال رہے کہ اس واقعے میں گرفتار ہونے والے شخص کی شہریت کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں، البتہ پولیس ابھی ابتدائی تفتیش میں مصروف ہے، جس کے بعد ہی حتمی شناخت سامنے آئی گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حملہ آور کی فائرنگ سے پولیس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ 2016 میں جرمنی کے شہر میونخ کے ایک شاپنگ سینٹر میں فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، حملہ آور 18 سالہ ایرانی نژاد جرمن نوجوان تھا۔