میانوالی……..تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں بہت جلد ملک میں اپنی پارٹی کی حکومت دکھائی دے رہی ہے۔عمران خان نے میانوالی میں نمل یونی ورسٹی کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ایسا سسٹم بنادیا گیا ہے کہ جس کے پاس پیسہ ہے اسے تو تعلیم اچھی مل جاتی ہے، لیکن غریب کا بچہ اوپر نہیں آسکتا۔ عمران خان نے طلبہ سے کہا کہ نہ کبھی پیسے کا استعمال کرنا ، نہ پیسے کے لئے استعمال ہونا اور نہ ہی کبھی پیسے کے لئے عزت کھونا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے خواب اور بڑی سوچ سے انسان بڑا بنتاہے۔آپ کے خواب اور سوچ بڑی ہے بڑا انسان بناتی ہے، نیا پاکستان بنانا بڑی سوچ ہے، عمران خان نے مقامی افراد سے کہا کہ وہ یونی ورسٹی پروجیکٹ کے لئے زمین عطیہ کردیں یا بیچ دیں ،ورنہ تحریک انصاف کی حکومت آئی تو زمین بھی دینی پڑے گی اور ملے گا بھی کچھ نہیں ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ بہت جلد ملک میں تحریک انصاف کی حکومت دیکھ رہے ہیں۔ تقریب کے آخر میں عمران خان نے طلبہ و طالبات میں اسناد اور میڈلز بھی تقسیم کیے۔