اسلام آباد : اسلام آباد کی سیشن عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں پرویز مشرف کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔
عدالت نے سابق صدر کو گرفتار کرکے 24 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف لال مسجد کے سابق نائب خطیب غازی عبدالرشید اور ان کی والدہ کے قتل کیس کی سماعت اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کی۔
عدالت نے ملزم پرویز مشرف کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور انہیں چوبیس جولائی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا عدالت نے سابق صدر کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کردی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ جمعرات کو محفوظ کرلیا تھا جو آج سنایا گیا۔
پچھلی سماعت پرویز مشرف کے وکلاء نے ان کی بیماری کو جواز بتاتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے موکل سفر کرنے کے قابل نہیں جبکہ سابق صدر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی مل رہی ہیں۔
دوسری طرف مدعی کے وکلا کا کہنا تھا کہ سابق صدر معمول کی زندگی گزار رہے ہیں، میڈیا پر انٹرویو بھی دیتے ہیں اور مختلف سماجی تقریبات میں بھی شامل ہوتے ہیں۔