راولپنڈی: شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جی ایچ کیو میں تقریب، آرمی چیف مہمان خصوصی، عسکری حکام اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔ افسروں اورجوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں تقسیم اعزازات کی تقریب ہوئی جس میں عسکری حکام، غازیوں اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں شہدا کے لواحقین اور غازیوں کو اعزازات دیئے گئے جن میں 32 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا، 2 افسران کو تمغہ جرأت اور 33 افسران اور جوانوں کو تمغہ بسالت دیا گیا جب کہ چار افسروں اور جوانوں کو یو این میڈل دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کیے جب کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و استحکام غازیوں اور شہدا کا مرہون منت ہے