جدہ (نوید فاروقی) صدر ریاست آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان تاریخی حوالے سے کشمیر کا حصہ ہے، پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر عوامی عدالت میں سرخرو ہو گی۔
پی پی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے’ آزادکشمیر کے اندر صحت و تعلیم کی سہولیات کیلئے موجودہ حکومت کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، مسئلہ کشمیر کاپائیدار حل ہی تکمیل پاکستان کی ضمانت ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل ہونا چاہیے، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑ ی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
ان خیالات کااظہار انھوںنے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوںنے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں حکومت پاکستان کو گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کیلئے آزاد کشمیر طرز پر سیٹ اپ بنانا چا ئیے او ر صدارت کا عہدہ گلگت بلتستان کے لئے مختص کیا جائے جس کیلئے میں اپنی صدارت ان کے حوالے کرنے کو تیار ہوں انھوںنے کہا کہ آزاد کشمیرمیں پہلی دفعہ تعلیمی اداروں پرتوجہ دی گئی اور تعلیمی انقلاب برپا کیا میڈیکل کالجز’وویمن یونیورسٹی’ آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سمیت آزادکشمیر کے اندر تعمیر وترقی کے جال بچھا دئیے ‘ یونیورسٹی اور میڈیکل کالجز کا قیام عمل میں لایا گیا اور ان تمام اداروں کی سرپرستی کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے تعلیمی اداروں میں میرٹ پر سو فیصد عملدرآمد ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے طے کر چکے ہیں کہ آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کاپائیدار حل ہی تکمیل پاکستان کی ضمانت ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہو ا ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ بے پناہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان کی سالمیت کے لئے کشمیریوںنے لازوال قربانیاں دیں ہیں کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی انھوںنے مزید کہا کہ آئندہ آنے والے الیکشن میں انشاء اللہ بہترنتائج آئیں گے میرااگلا مشن آزاد کشمیر سے بیروزگاری کا مکمل خاتمہ کر نا ہے تاکہ یہاں دیار غیر میںبسنے والے کشمیری اپنے ملک میں روزگارکما سکیں انھوںنے کہا کہ سعودی عرب امت مسلمہ کا بڑا اہم ملک ہے ہم سعودی عرب کی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔
اس موقع پر صدارتی مشیر سردار عنایت اللہ اللہ عارف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے صدر ریاست نے اپنی ذاتی دلچسپی لے کر آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کیا صدر ریاست نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ انھوںنے کہا کہ پی پی پی حکومت نے آزادکشمیرکے تمام انتخابی حلقوںکے اندرتعمیروترقی روڈزکے جال بچھا دئیے۔
سردار یعقوب کی قیادت میں آزادکشمیر کے اندر تعمیروترقی کا سفر جاری رکھیں گے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت بنائے گی اس موقع پر سعودی عرب پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سردار مہتاب سرور ، مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر سردار اقبال، پیپلز پارٹی سعودی عرب کے چیف آرگنائزر راجہ شمروز ، چوہدری اشفاق اور مسلم لیگ یوتھ سعودی عرب کے راجہ یاسر، جے کے سی او کے چیئرمین ارشاد الحق،پی وائی او کے سردار وقاص عنایت اللہ اور سنیئر صحافی چوہدری معروف بھی موجود تھے۔