counter easy hit

گلگت بلتستان میں امن و امان ضرب عضب کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ حفیظ الرحمن

Germany-Meela

Germany-Meela

جرمنی (انجم بلو چستانی) برلن بیورو کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں سیاحت سے متعلق دنیا کا سب سے بڑا بین الا قوامی سیا حتی میلہITB انٹرنیشنل ٹورزم بورژے٩ مارچ سے ١٣ مارچ ٢٠١٦ ء تک منعقد ہوا۔ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کی جانب سے صوبہ گلگت بلتستان نے وزیر اعلیٰ حفیظ الر حمٰن کی قیادت میں بین الاقوامی سیاحتی میلہITBمیں شرکت کی۔انہوں نے ٩ مارچ کوسفیر پاکستان جوہر سلیم کی معیت میں پاکستانی پویلین کاباقاعدہ افتتاح کیا،جس میں گلگت بلتستان کی ٹریول ایجنسیز،صوبائی عہدیداران برائے ٹورزم اورسفارتخانہء پاکستان جرمنی کے HOCسجاد حیدر خان و منسٹررخسانہ افضال نے شرکت کی۔پویلین کا ڈیزائن قلعہ کھپلو اور محل کے طرز پر ترتیب دیا گیا ہے۔

شمالی علاقہ جات کی ویڈیو ز،رنگین پوسٹر اور خشک میوہ جات میلہ کے شائقین کی توجہ کا باعث تھے۔وزیر اعلیٰ نے میلہ کے دوران دوسرے ممالک کے پویلینز کا دورہ کیا اور سیاحتی شعبہ کے ذمہ داران سے تبادلہ خیال کیا۔ پاکستا ن گذشتہ چار دہائیوں سے میلہ میں شرکت کر رہا ہے،تاہم چند سال سے وفاقی سطح کے بجائے یہ شرکت صوبہ گلگت بلتستان تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔اس کی بنیادی وجہ ملکی حالات اور ٹورزم کی صنعت پر موثر توجہ کا فقدان ہے۔

ایک زمانہ تھا کہ پاکستان کی جانب سے وزارت سیاحت، پی آئی اے اور پرائیوٹ شعبہ کی بھر پور شرکت کی وجہ سے جگہ کم پڑ جاتی تھی،تاہم ایک وقت ایسا بھی آیا کہ پاکستان کی اس عالمی میلہ سے عدم شرکت کا خطرہ پیدا ہو گیاتھا۔لہٰذا ان حالات میں گلگت بلتستان کی شرکت غنیمت ہے اور اس کے لئے اس صوبہ کا شعبہ سیاحت مبارکباد کا مستحق ہے ،جس کی شرکت سے میلہ میں پاکستان کا جھنڈا لہراتا نظر آتا ہے۔

٩ مارچ ٢٠١٦ء کو شام ٧ بجے سفارتخانہء پاکستان جرمنی کی جانب سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے موضوع پر،انسٹی ٹیوٹ آف کلچر ڈپلومیسیICDبرلن میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا،جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلی گلگت بلتستان حفیظ الر حمٰن تھے۔سیمینار سے خطاب کرنے والوں میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، سفیر پاکستان برائے جرمنی جوہر سلیم اورڈائریکٹر جنرل ICD برلن مارک ڈنفرائیڈ شامل تھے۔

گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام،سفارتخانہ کے اہم اہلکاروں، گلگت بلتستان کی ٹریول ایجنسیز کے نمائندوں،جرمن و پاکستانی طلباء اورطالبات، پاکستانی اور جرمن صحافیوں اور چند اہم پاکستانی شخصیات نے اس سیمینار میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ حفیظ الر حمٰن نے دہشت گردی کے خلاف جاری ضرب عضب کی تعریف کرتے ہوئے صوبہ میں امن وامان کی بہتر صورتحال اور جرائم کے خاتمہ پر روشنی ڈالی۔انہوں نے سیاحت کے فروغ کو صوبہ کی اوّلین ترجیع قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں روزانہ اسلا م آبادسے دو پروازیںگلگت اور سکرود جارہی ہیں،جبکہ مستقبل میں انٹرنیشنل پروازوں کی آمد پر غور کیا جارہا ہے۔

سفیر پاکستان جوہر سلیم نے پاکستان میں سیاحت اور تجارت کے فروغ پر لیکچردیتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش مراعات کا ذکر کیا۔انہوں نے غیرملکیوں کو پاکستان کے خوبصورت مقامات،بلند وبالا پہاڑوں اورحسین جھیلوں کو دیکھنے کی دعوت دی،تاکہ وہ پاکستانیوں کے طرز زندگی کا مشاہدہ کر کے پاکستان کے بارے میںمنفی پروپیگنڈے سے باہر آسکیں۔ ڈائریکٹر جنرل ICDمارک ڈینفرائیڈ نے پاکستان کی ثقافت وسیاحت کے فروغ کے سلسلے میںپاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

سیمینار کے بعد سوال جواب کا سیشن ہوا،جسمیں سیمینار کے مقررین نے حاضرین کے سوالات کے جواب دئے۔اس موقعہ پرا غا خان ٹرسٹ برائے کلچرکی گلگت و بلتستان کے بارے میں شائع شدہ کتاب کی رسم رونمائی ادا کی گئی۔جو اس علاقہ کی خوبصورتی،تاریخ، ثقافت اور رسوم و رواج کے بارے میں ایک مفید اور دلچسپ اضافہ ہے۔اسکے علاوہ حاضرین کو گلگت بلتستان کے بارے میںآغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی تیار کردہ دستاویزی ڈاکومنٹری دکھائی گئی اور پاکستانی و جرمن فنکاروں نے موسیقی و گلوگاری کے جوہر دکھائے ۔آخر میں مہمانوں کی تواضع کے لئے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔