گلگت بلتستان کے چار رضاکاروں اور محکمہ جنگلی حیات کے تین ملازمین نے ہمت اور جرات کی نئی داستان رقم کر دی، نایاب برفانی چیتے کو بچانے کے لیے اپنی زندگیاں دائو پر لگا دیں، چیتے کو پالکی میں بٹھا کر لائے، خود چوبیس گھنٹے برف پر پیدل چلتے رہے،پیر زخمی ہو گئے لیکن چیتے کو بہ حفاظت نلتر پہنچا دیا۔
محکمہ جنگلی حیات نے نایاب برفانی چیتے کی بحالی کے لیے بشکری میں ایک بحالی سینٹر بنا یا اور نایاب برفانی چیتے کے نگہداشت کے لیے اپنے تین ملازمین کو اس بحالی سینٹر پر تعینات کیا ،پچھلے دنوں شدید برف باری ہوئی تو تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں،رابطہ سڑکیں بند ہونے پر گلگت بلتستان کے چار رضا کاروں نے جیپ کے ذریعے بشکری پہنچنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ سکےاور پیدل بشکری پہنچے جس کے بعد عزم اور ہمت کی ایک داستان کا آغاز ہوا۔نایاب برفانی چیتے کے پنچرے کو نلتر پہنچانے کے لیے محکمہ جنگلی حیات کے تین ملازمین اور چار رضا کاروں نے اپنی زندگیا ں دائو پر لگا دیں،بشکری سے چوبیس گھنٹے تک پیدل برف پر سفر کیا اور چیتے کو پنچرے کی پالکی میں بٹھا کر لائے، چوبیس گھنٹے تک برف پر چلنے کے باعث ان سات افراد کے پائوں شدید زخمی ہو گئے ،جس کے بعد ان کو گلگت بلتستان کے اسپتال پہنچایا گیا ،جہاں ان کو طبی امداد پہنچا ئی گئی اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔