قندیل بلوچ قتل کیس میں اہم پیش رفت، پولیس نے مفتی عبدالقوی سے تحقیقات کے لئے سوال نامہ تیار کر لیا، مفتی عبدالقوی جمعہ کے روز پولیس کے سامنے پیش ہوں گے۔
ملتان: (یس اُردو) سی پی او ملتان اظہر اکرم نے قندیل بلوچ قتل کیس کے حوالے سے مفتی عبدالقوی کو تحقیقات کے لئے طلب کر لیا ہے۔ تاہم اسلام آباد میں موجود ہونے کے باعث مفتی عبدالقوی جمعہ کے روز پولیس کے سامنے پیش ہوں گے۔پولیس ذرائع کے مطابق مفتی قوی سے تفتیش کے لئے پولیس نے سوالنامہ بھی تیار کر لیا ہے جس میں مفتی قوی سے قندیل بلوچ سے ملاقاتوں اور موبائل فون رابطوں کے حوالے سے پوچھا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مفتی قوی سے ٹیلی ویژن پروگرام اور سیلفی سکینڈل کی ویڈیو کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔دریں اثناء، ماڈل گرل کے قتل کی تحقیقات قدم بہ قدم آگے بڑھ رہی ہیں۔ تازہ پیش رفت کے مطابق، مرکزی ملزم وسیم کی معاونت کرنے والے عبد الباسط نے ڈی جی خان پولیس کو گرفتاری دیدی۔ عبد الباسط کار چلا کر ملزم وسیم کو ملتان لایا تھا۔