لاہور: یہ پتّا 1804 میں ہونے والی تاجپوشی میں استعمال ہونے والے تاج سے نکالی جانے والی چھ چیزوں میں سے ایک تھا
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ ایک نیلامی میں فرانس کےآنجہانی بادشاہ نپولین بونا پارٹ کے تاج میں جڑا ایک سونے کا پتّا سوا چھ لاکھ یورو میں نیلام کر دیا گیا۔ عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اوسنیٹ نیلام گھرکے ترجمان نے بتایا یہ سونے کا پتّا نپولین کے اس تاج میں پیوست تھا جو انھیں ان کی تاجپوشی پر پہنایا گيا تھا۔ یہ پتّا 1804 میں ہونے والی تاجپوشی میں استعمال ہونے والے تاج سے نکالی جانے والی چھ چیزوں میں سے ایک تھا کیونکہ بادشاہ کا خیال تھا کہ ان کی موجودگی میں تاج زیادہ وزنی ہو گیا ہے۔ اس پتے کا وزن ایک تولہ یا دس گرام ہے اور اس کا طول 2۔9 سینٹی میٹر جبکہ عرض ڈھائی سینٹی میٹر بتایا گيا ہے۔ گذشتہ روز فرانس کے بادشاہ سے تعلق رکھنے والی تقریبا 400 اشیاء کی نیلامی میں اسکی بیوی ملکہ جوزفین کی ملکیتی طلائی پھولوں والی ایک صندوقچی ڈیڑھ لاکھ یورو میں نیلام ہوئی جوکہ امید سے تین گنا زیادہ قیمت میں فروخت ہوئی۔