کراچی: سونے کی قیمتوں میں بدھ کو بھی اضافہ ہوا اور تولہ قیمت 52 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی۔
سونے کی عالمی قیمت بڑھنے کی وجہ سے گزشتہ روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی تولہ قیمت 800 روپے کے مزید اضافے سے 52ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی جبکہ 10 گرام قیمت742 روپے بڑھ کر 44 ہزار 742 روپے پر پہنچ گئی، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید 9 ڈالر کے اضافے سے 1339 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی جو کم وبیش ایک سال کی بلند ترین سطح ہے۔
بدھ کو چاندی کی مقامی قیمتیں عالمی نرخ بڑھ جانے کے باوجود برقرار رہیں، مقامی مارکیٹ میں چاندی کی تولہ قیمت 750 اور 10گرام 642.85 روپے رہی، بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 5 سینٹ کے معمولی اضافے سے 17.90 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم دھماکے کے بعد مزید میزائل تجربے کرنے کے انتباہ اور امریکا کی جانب سے خطرے کی صورت میں فوجی کارروائی کی دھمکی دینے کے بعد سے سرمایہ کار اپنے سرمائے کو محفوظ بنانے کے لیے سونے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، سونے کی طلب بڑھنے سے قیمتیں بھی اوپر کی جانب جا رہی ہیں۔