ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس) سکھ کمیونٹی کے زیر اہتمام گوردوارہ جنم استھان میں 6 جون 1984 کو گوردوارہ گولڈن ٹمپل امرت سر میں بھارتی حکومت کے ہاتھوں قتل ہو نے والے سکھوں کی یاد میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،تقریب میں واقعہ میں جاں بحق ہو نے والے سکھوں کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اکھنڈ پاٹ رکھا گیا اور ان کے لئے خصوصی ارداس کیا گیا ،پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ 6جون 1984 کو بھارتی حکومت نے ایک منظم سازش کے تحت گوردوارہ گولڈن ٹمپل امرت سر پر حملہ کیا اور ہزاروں بے گناہ سکھوں کو دہشت گرد قرار دے کر موت کی وادی میں پہنچا دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں جاں بحق ہو نے والے ہزاروں سکھوں کے لواحقین کو آج تک انصاف نہیں مل سکا جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہو نے کے دعویدار بھارت کے لئے شرم کی بات ہے ۔سردار گوپال سنگھ چاولہ نے مزید کہا کہ 6 جون کو اس واقعہ کے خلاف ہر سال کی طرح اس سال بھی سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد پنجاب اسمبلی لاہور کے سامنے احتجاج کریں گے اور دنیا کو بھارت کا اصلی روپ دکھائیں گے ۔