چینوٹ (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے تحت رواں سال کے دوران پنجاب میں 5لاکھ گھروں کی تعمیر کا کام شروع ہو جائیگا اور وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا کرینگے ۔ حکومت نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کیلئے سنجیدگی سے اور تیز رفتاری سے اقدامات کر رہی ہے ،جبکہ گزشتہ حکومتوں نے روٹی ،کپڑا ،مکان اور آشیانہ سکیم کامحض ڈھنڈورا پیٹا ،صوبائی وزیر ہاﺅسنگ نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں چینوٹ کو بھی نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے جس کیلئے شہر کے قریب بہترین محل وقوع پر مشتمل 54ایکڑ زمین حاصل کی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم فروری کے تیسرے ہفتے میں ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے . پنجاب کے بڑے شہروں کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو گھروں کے ایک لاکھ یونٹس تعمیر کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے جن پر آئندہ جون تک کام شروع ہو جائے گا۔صوبائی وزیر ہاﺅسنگ نے بتایا کہ اس پروگرام کو دیہی علاقوں تک لے جائیں گے جہاں پر سرکاری زمین دستیاب ہونے کی صورت میں ہرگاﺅں کے ساتھ 50گھر بنا کر پانچ لاکھ کی رعایتی قیمت میں بے گھر خاندانوں کو دیں گے جبکہ قرض حسنہ کےلئے حکومت نے پانچ ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں جو گھروں کی خرید کےلئے انتہائی غریب افراد کو دئیے جائیںگے۔